بنگلورو14؍مئی(ایس او نیوز؍ایجنسی) کرناٹک کی 224 رکنی اسمبلی میں سے 222 سیٹوں پر ہوئی ووٹنگ کے لئے ووٹوں کی گنتی کل صبح آٹھ بجے سے شروع ہو جائے گی۔ ووٹوں کی گنتی کیلئے الیکشن کمیشن نے تمام ترتیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ ووٹوں کی گنتی شروع ہونے سے پہلے امیدواروں کی دھڑکنیں تیز ہو گئی ہیں۔ کرناٹک میں گزشتہ 12 مئی کو پولنگ ہوئی تھی۔ ووٹوں کی گنتی کے لئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
کرناٹک اسمبلی انتخابات میں اہم مقابلہ حکمراں کانگریس اور اپوزیشن پارٹی بھارتیہ جنتا پارٹی کے درمیان ہے۔ وہیں، ریاست کی جے ڈی ایس کے تیسرے نمبر پر رہنے کا امکان ہے۔ کہا جاتا ہے کہ کانگریس اور بی جے پی دونوں میں سے کسی کو اکثریت نہ ملنے پر جے ڈی ایس ریاست میں کنگ میکر کا رول ادا کرے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق، 12 مئی کو ہوئی ووٹنگ میں 70 فیصد سے بھی زیادہ لوگوں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا تھا۔ تمام نیوز چینلوں اور دیگر سروے ایجنسیوں نے کرناٹک الیکشن پر اپنا ایگزٹ پول پیش کیا ہے۔ سبھی پول پر نظر ڈالیں تواکثریت کے اعدادو شمار 112 سیٹ تک نہ تو کانگریس اور نہ ہی بی جے پی پہنچتی نظر آ رہی ہے۔ ایگزٹ پولس کے نتیجے کی مانیں تو اس مرتبہ اقتدار کی کنجی جے ڈی ایس کے ہاتھ میں رہنے والی ہے۔
ووٹوں کی گنتی میسورو،چتردرگ،دکشن کنٹرکے 38گنتی کے مراکز میں ہوگی ۔گنتی کے عمل میں 11,160اہل کار حصہ لیں گے۔ یہ گنتی سخت سیکوریٹی کے درمیان ہوگی۔